Khuda ke Muhabat ka Waqiya | ایک غلام کا قصہ
ایک شخص نے ایک غلام خریدا، غلام نے کہا: اے مالک میری تین شرطیں ہیں
- جب نماز کا وقت آئے تو مجھے اس کے ادا کرنے سے نہ روکنا۔
- دن کو مجھ سے جو چاہو کام لومگر رات کو نہیں۔
- مجھے ایسا کمرہ دو جس میں میرے سوا کوئی نہ آئے۔
مالک نے تینوں شرطیں منظور کرتے ہوئے کہا گھر میں رہنے کے لئے کوئی کمرہ پسند کر لو-غلام نے ایک خراب سا کمرہ پسند کر لیا، مالک بولا : تو نے خراب کمرہ کیوں پسند کیا -غلام نے جواب دیا: اے مالک یہ خراب کمرہ اللہ کے یہاں چمن ہے چنانچہ وہ دن کو مالک کی خدمت کرتا اور رات کو اللہ کی عبادت میں مشغول ہو جاتا۔ ایک رات اس کا مالک وہاں سے گزرا تو اس نے دیکھا کمرہ منور ہے، غلام سجدہ میں ہے اور اس کے سر پر ایک نورانی قندیل معلق ہے اور وہ آہ وزاری کرتے ہوئے کہہ رہا ہے- یا الہی تو نے مجھ پر مالک کی خدمت واجب کر دی ہے اور مجھ پر یہ ذمہ داری نہ ہوتی تو میں صبح و شام تیری عبادت میں مشغول رہتا ، اے اللہ میرا عذر قبول فرمالے۔ مالک ساری رات اس کی عبادت دیکھتا رہا یہاں تک کہ صبح ہوگئی ، قندیل بجھ گئی اور کمرے کی چھت حسب سابق ہموار ہوگئی وہ واپس لوٹا اور اپنی بیوی کو سارا ماجرا سنایا۔ جب دوسری رات ہوئی تو وہ اپنی بیوی کو ساتھ لیکر وہاں پہنچ گیا، وہاں دیکھا تو غلام سجدہ میں تھا اور نورانی قندیل روشن تھی ، وہ دونوں دروازے پر کھڑے ہو گئے، اور ساری رات اسے دیکھ کر روتے رہے، جب صبح ہوئی تو انہوں نے غلام کو بلا کر کہا- ہم نے تجھے اللہ کے نام پر آزاد کر دیا ہے تا کہ تو فراغت سے اس کی عبادت کر سکے، غلام نے اپنے ہاتھ آسمان کی طرف اٹھائے اور کہا اے صاحب راز - راز ظاہر ہو گیا، اب میں اس افشائے راز اور شہرت کے بعد زندگی نہیں چاہتا۔ پھر کہا : اے الہی مجھے موت دے دے اور گر کر مر گیا۔
واقعی صالح، عاشق اور طالب مولیٰ لوگوں کے حالات ایسے ہی تھے۔
0 Comments